سرائے عالمگیر(ڈاکٹر تصور حسین مرزا) فیڈرل گرلز ہائی سکول جھلم کینٹ کی ہونہار طالبہ نمرہ زاہد نے ضلع جہلم کا نام روشن کر دیا
(نمائندہ خصوصی) فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے فیڈرل بورڈ اسکولوں کے درمیان منعقدہ فیلڈ رپورٹنگ میڈیا مقابلہ میں فیڈرل بورڈ گرلز ہائی سکول جہلم کینٹ کی ہونہار طالبہ نمرہ زاہد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
نمرہ زاہد معروف سماجی شخصیت، فوکل پرسن ضلع جہلم ٹریفک پولیس اور انچارج ایدھی سینٹر جہلم عبدالغفور چوہان کی پوتی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال بھی اسی مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان بھر میں تیسری پوزیشن اپنے نام کی تھی، جبکہ اس سال مزید محنت اور لگن کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین اور اساتذہ بلکہ پورے ضلع جہلم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
اس کامیابی پر نمرہ زاہد کو پانچ ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں نے نمرہ زاہد کی اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
عبدالغفور چوہان نے اپنی پوتی کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی محنت، لگن اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
اللہ تعالیٰ نمرا زاہد کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور وہ مستقبل میں بھی جہلم اور پاکستان کا نام روشن کرتی رہیں۔ آمین۔





