جون 15, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ تاریخی معاہدے پر کل دستخط کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک انتہائی اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر کل دستخط کر دیے جائیں گے، جس کے فوراً بعد تزویراتی لحاظ سے انتہائی اہم بحری راستہ آبنائے ہرمز تمام ممالک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ خطے میں صورتحال پرسکون ہونے کے بعد مناسب وقت پر جا کر جوہری مواد کی باقیات حاصل کر لی جائیں گی اور انہیں امید ہے کہ یہ سارا عمل جلد اور انتہائی آسانی کے ساتھ مکمل ہو جائے گا، تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو امریکا کے پاس آخری اور فیصلہ کن متبادل آپشن بھی موجود ہے۔

امریکی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کھلنے کے ساتھ ہی وہاں موجود بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا جائے گا جس میں جی سیون ممالک بھی حصہ لے سکتے ہیں، جبکہ صدر ٹرمپ اگلے ہفتے جی سیون اجلاس کے موقع پر مصر، قطر اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں سے اس موضوع پر خصوصی بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آئندہ 24 گھنٹوں میں ایران امریکا ڈیل پر الیکٹرانک دستخط ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا، جس کے بیان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر بھی کیا۔