جون 13, 2026

وفاقی بجٹ: تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑی خوشخبری، انکم ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کی تجویز

اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکسز میں ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ بجٹ تقریر کے دوران وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کی معاشی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے دلی خوشی ہو رہی ہے کہ حکومت نے آمدنی کی چار مختلف سلیبس (slabs) کے تنخواہ دار افراد کو ٹیکس میں بڑا ریلیف دینے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

وزیرخزانہ نے ٹیکسوں کی نئی شرح کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ سالانہ 22 سے 32 لاکھ روپے کے درمیان کمانے والے تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اسی طرح، جن ملازمین کی سالانہ آمدن 32 سے 41 لاکھ روپے کے درمیان ہے، ان کے لیے انکم ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے گھٹا کر 25 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

اپنی بجٹ تقریر کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ 41 سے 56 لاکھ روپے سالانہ کمانے والوں کے لیے ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 29 فیصد جبکہ 56 لاکھ سے 70 لاکھ روپے تک سالانہ تنخواہ حاصل کرنے والے طبقے کے لیے ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 32 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے متوسط اور اعلیٰ تنخواہ دار طبقے کو واضح معاشی ریلیف ملے گا۔