جون 13, 2026

فلسطینیوں کی نسل کشی اور جبری بے دخلی پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی 149 صفحات پر مشتمل تہلکہ خیز رپورٹ، عالمی برادری سے فوری ایکشن کا مطالبہ

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے فلسطین میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات پر مبنی ایک تفصیلی 149 صفحات کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینیوں کی نسل کشی پر فوری ایکشن لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ میں انتہائی تشویشناک انکشافات کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کوئی حادثہ نہیں بلکہ یہ اسرائیل کی ایک منظم اور مربوط پالیسی کا نتیجہ ہے جس کے تحت اسرائیل نے ریاستی سرپرستی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی مہم کو مزید تیز کر دیا ہے۔ اس مہم میں فلسطینیوں کو ان کے مقبوضہ علاقوں سے زبردستی نکالنا اور ان کی منتقلی شامل ہے، جب کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے واضح کیا ہے کہ مغربی کنارے میں جاری تمام اسرائیلی آباد کاریاں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سراسر غیر قانونی ہیں، اسی لیے اب دنیا کو مصلحت پسندی چھوڑ کر فلسطینیوں کے خلاف ان اسرائیلی اقدامات کو روکنے کے لیے عملی قدم اٹھانا چاہیے۔