ایران اور امریکا کے مابین جاری تناؤ ایک انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے فوجی اہداف کو براہِ راست نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ ایرانی فوجی کمان ‘خاتم الانبیا’ نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی ایران میں امریکی جارحیت کے جواب میں جوابی کارروائی کی گئی ہے، جس میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ اور کویت کے علی السالم ایئر بیس پر ڈرون حملے کیے گئے۔ سب سے زیادہ تباہ کن کارروائی اردن میں کی گئی جہاں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے ‘الازرق’ اڈے پر موجود ایف-35 ہینگرز اور کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ دریں اثنا، روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کا جدید ‘ایم کیو-9’ ڈرون بھی تباہ کر دیا ہے۔ اگرچہ کویتی فوج اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کر رہی ہے، لیکن خطے میں جاری اس غیر معمولی کشیدگی نے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔





