لاہور میں ٹریفک پولیس کی مہم کے دوران ایک انتہائی حیرت انگیز اور سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے جہاں ایک ہی شہری کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ پائی گئی ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق یہ انکشاف اس وقت ہوا جب پولیس کی جانب سے شہر میں لگائے گئے ایک جنرل ہولڈ اپ کے دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ ‘باز محمد’ نامی ایک ہی شہری کے نام پر سینکڑوں کی تعداد میں مختلف گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں قانوناً رجسٹرڈ ہیں، جس نے حکام کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ باز محمد نامی اس شہری کے نام پر رجسٹرڈ ان تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق ان گاڑیوں پر مجموعی طور پر 1526 ای چالان واجب الادا ہیں، جن کی کل رقم 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے بھی زائد بنتی ہے۔ ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے باز محمد کی موٹر سائیکل کو تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کر دیا ہے اور اس غیر معمولی معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔





