جون 7, 2026

عالمی یومِ ماحولیات پر ڈی سی کمپلیکس گجرات میں تقریب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وقاص صفدر سکندری کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار )عالمی یومِ ماحولیات کے خاص موقع پر ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) گجرات کے زیر اہتمام ڈی سی کمپلیکس گجرات میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شجرکاری، آگاہی واک اور ماحول دوست شاپنگ بیگز تقسیم کیے گئے۔ اس مہم کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات وقاص صفدر سکندری نے اپنے ہاتھوں سے پودا لگا کر کیا۔ اس اہم ماحولیاتی تقریب میں محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران، ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات اسامہ ماجد، فاریسٹ افسران اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندگان نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ایک خصوصی آگاہی واک کی، جبکہ پلاسٹک کے مضرِ صحت استعمال کو روکنے کے لیے شہریوں میں کپڑے اور کاغذ سے بنے ماحول دوست شاپنگ بیگز بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے زمین کو بچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اجتماعی سماجی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اس شجرکاری مہم کے پہلے مرحلے میں ڈی سی کمپلیکس کی اراضی پر فائکس، کچنار، لیگسٹرونیا اور مالٹے کے خوبصورت پودے لگائے گئے۔