جون 1, 2026

فارورڈ بلاک کی باتیں بے بنیاد، کسی نے بھی فارورڈ بلاک جیسی حرکت کی تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی: وزیر اطلاعات شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے جیو نیوز کے پروگرام ‘نیا پاکستان’ میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ صوبائی حکومت کو کسی قسم کے فارورڈ بلاک کا خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تمام ایم پی ایز کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نامزد کردہ وزیراعلیٰ ہیں۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ فارورڈ بلاک کے حوالے سے ہونے والی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، اور اگر کوئی اس حوالے سے دعویٰ کرتا ہے تو وہ دو نام تو سامنے لائے، جو لوگ نام لیں گے وہ خود تردید کر دیں گے۔ انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کی لائن سے ہٹے گا، وہ اپنی سیاست خود ختم کر لے گا، جس کی مثالیں محمود خان اور پرویز خٹک کی صورت میں موجود ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جس رکن نے بھی ووٹ لیا ہے وہ بانی پی ٹی آئی کے نام پر لیا ہے، کسی کا ذاتی ووٹ نہیں ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر کسی کو اپنی مقبولیت پر اعتماد ہے تو آزاد الیکشن لڑ کر دیکھ لے، اسے دو سو ووٹ بھی نہیں ملیں گے۔ شفیع جان نے واضح کیا کہ ہماری پارلیمانی میٹنگ جاری ہے اور تمام تر قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی، تاہم انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ اگر کسی نے بھی فارورڈ بلاک جیسی حرکت کی تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی۔