جون 1, 2026

خیبرپختونخوا اسمبلی: پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 30 سے زائد اراکین غیر حاضر، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ناراض ارکان کو منانے کا چیلنج

پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم، اجلاس کے دوران 92 اراکین پر مشتمل پارلیمانی پارٹی کے 30 سے زائد اراکین کی عدم موجودگی نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں علی امین گنڈاپور، فضل الہٰی اور نیک محمد سمیت کئی اہم اراکین نے شرکت نہیں کی۔ عدم شرکت کی وجوہات میں بیشتر اراکین نے بیرونِ ملک قیام یا دیگر مصروفیات کا عذر پیش کیا ہے، تاہم اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ اصل معاملہ کابینہ کے معاملات، ترقیاتی فنڈز اور حلقہ جاتی امور پر وزیراعلیٰ سے تحفظات ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے پی ٹی آئی کے 20 سے زائد اراکین اسمبلی کی وزیراعلیٰ سے ناراضی کی اطلاعات گردش کر رہی تھیں اور اب باقاعدہ طور پر ایک بڑی تعداد کا اجلاس میں نہ آنا پارٹی کے اندرونی بحران کی نشاندہی کر رہا ہے۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ناراض اراکین کو منانے کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔ اس صورتحال پر خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی فارورڈ بلاک بنانے کی کوشش کرے گا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے، اور ایسی کسی بھی حرکت پر متعلقہ افراد کے لیے صوبے کی زمین تنگ کر دی جائے گی۔