آئرلینڈ اور قطر کی فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جب اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے آئرلینڈ کے اسرائیل کے خلاف شیڈول آئندہ میچز کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ شدید احتجاج کے باعث ریفری کو میچ دو بار روکنا پڑا۔ آئرلینڈ کی ٹیم کو یوئیفا نیشنز لیگ کے تحت اسرائیل کے خلاف دو میچز کھیلنے ہیں، جن کی ملک بھر میں عوامی سطح پر شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق آئرش فٹبال ایسوسی ایشن یوئیفا سے مسلسل مطالبہ کر رہی ہے کہ اسرائیل کو بین الاقوامی فٹبال مقابلوں سے معطل کیا جائے، تاہم یوئیفا کی جانب سے تاحال اس پر کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس صورتحال پر آئرلینڈ کے کوچ ہیمر ہالگریمسن نے بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میچز کے انعقاد سے کھلاڑی غیر ضروری دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب آئرلینڈ کے کپتان نیتھن کولنز نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کے اظہارِ رائے کے حق کا احترام کرتے ہیں اور اگر کوئی کھلاڑی احتجاج کرنا چاہے تو ٹیم اس کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔





