آئرلینڈ میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 25 رنز سے شکست دے دی ہے۔ کاسل ایونیو گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز کی بیٹرز کا پلڑا بھاری رہا، جہاں انہوں نے مقررہ اوورز میں 199 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ہیلی میتھیوز نے 40، جانیلا گلاسگو نے 42 اور اسٹافنی ٹیلر نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کے لیے مشکل ہدف کھڑا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اور محض 52 رنز کے اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ مشکل صورتحال میں سائرہ جبین نے 30، عالیہ ریاض نے 37 اور کپتان فاطمہ ثنا نے 27 رنز بنا کر مزاحمت کرنے کی کوشش کی، تاہم پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز تک ہی محدود رہ سکی۔ قومی ٹیم اب سیریز کا اپنا دوسرا میچ 31 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی، جس میں ٹیم کو کامیابی کے لیے اپنی بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بہتری لانا ہوگی۔





