وفاقی حکومت نے عید کے تیسرے روز عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور یہی وجہ ہے کہ پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیتے ہوئے قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت انتہائی کٹھن اور سخت ترین حالات کے باوجود عوام کے لیے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے فیول پر سبسڈی بھی فراہم کی ہے۔
دوسری جانب، بین الاقوامی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں تنزلی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں 1.46 ڈالر فی بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 92.25 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 0.73 سینٹس کمی کے بعد 88.17 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔





