جون 1, 2026

سیاسی جوڑ توڑ: چوہدری نصیر احمد عباس سدھو کی ایک اور بڑی کامیابی، ٹوپہ آدم سے اہم سیاسی دھڑے کی شمولیت

ٹوپہ آدم(استخار احمد) ممبر قومی اسمبلی چوہدری نصیر احمد عباس سدھو کے سیاسی اثر و رسوخ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ٹوپہ آدم کے ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری شمریز مہر نے اپنے خاندان، برادری اور کثیر تعداد میں ساتھیوں سمیت اپنی سابقہ سیاسی رفاقتوں کو خیرباد کہتے ہوئے چوہدری نصیر احمد عباس سدھو کے قافلے میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

اس اہم سیاسی تبدیلی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں علاقے کے معروف سیاسی رہنما سیف الرحمن بھٹی، میاں کامران ادریس بیکنانوالہ اور چوہدری بابر ٹوپہ آدم نے بھی خصوصی شرکت کی۔ چوہدری شمریز مہر نے اس موقع پر چوہدری نصیر عباس سدھو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

چوہدری نصیر احمد عباس سدھو نے چوہدری شمریز مہر اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے علاقے میں ان کا سیاسی پلڑا مزید بھاری ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام ساتھیوں کو ساتھ لے کر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اور ٹوپہ آدم کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔