ڈنگہ (زمان اسلم ) عیدِ قربان کے قریب آتے ہی ڈنگہ میں جانوروں کی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے، جبکہ جانوروں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک نے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طاہر عزیز کی ہدایات کے تحت ڈنگہ کے سیل پوائنٹ پر محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں نے اپنا فیلڈ کیمپ لگا لیا ہے۔ اس کیمپ میں ماہرین کی ٹیم ہر وقت موجود ہے جو قربانی کے لیے لائے جانے والے جانوروں کا طبی معائنہ کر رہی ہے۔ ٹیم نہ صرف جانوروں کے بروقت علاج اور نگہداشت میں مصروف ہے بلکہ شہریوں کو خریداری کے دوران جانوروں کی صحت جانچنے کے لیے پیشہ ورانہ رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر عزیز کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صحت مند جانوروں کی فراہمی یقینی بنانا اور ممکنہ بیماریوں سے بچاؤ ان کی اولین ترجیح ہے، اور یہ عمل عید کے دنوں تک جاری رہے گا۔





