بنگلا دیش نے اپنے شہریوں کے لیے جاری کیے جانے والے تمام جنرل پاسپورٹس پر دوبارہ یہ شرط درج کرنے کا اعلان کر دیا ہے کہ یہ پاسپورٹ اسرائیل کے سوا دنیا کے تمام ممالک کے لیے کارآمد ہوگا۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے تصدیق کی ہے کہ سفارتی پاسپورٹس کے بعد اب عام شہریوں کے پاسپورٹس میں بھی یہ اصولی موقف شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ فلسطین کے حق میں بنگلا دیشی عوام کے دیرینہ جذبات اور حکومتی خارجہ پالیسی کے عین مطابق کیا گیا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ 2021 میں سابقہ حکومت نے ای پاسپورٹ کے اجرا کے وقت یہ عبارت ہٹا دی تھی جس پر ملک گیر سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ اس نئی پیش رفت کے ساتھ پاسپورٹ کے ڈیزائن میں بھی ردوبدل کیا جا رہا ہے، جس میں جولائی کی عوامی تحریک کی علامت ’ابو سعید‘ کی تصویر شامل ہوگی جبکہ گزشتہ دور کی کچھ علامتی تصاویر کو پاسپورٹ سے ہٹا دیا جائے گا۔





