جون 1, 2026

منڈی بہاءالدین میں بیٹی سے زیادتی کے ملزم کی گرفتاری کے خوف سے خودکشی

منڈی بہاؤالدین( ڈاکٹر شاہد راٹھور) تھانہ کٹھیالہ شیخاں کی حدود میں اپنی ہی بیٹی کو درندگی کا نشانہ بنانے والا ملزم انجام کو پہنچ گیا۔ پولیس ٹیم کی آمد پر ملزم نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

​تفصیلات کے مطابق ڈی پی او منڈی بہاءالدین کامران عامر خان کی خصوصی ہدایات پر تھانہ کٹھیالہ شیخان پولیس مقدمہ نمبر 314/26 بجرم 376(III) میں مطلوب ملزم ‘سید رسول’ ولد ماہلہ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار رہی تھی۔ پولیس ٹیم جب مخبر کی اطلاع پر ملزم کے گھر پہنچی تو ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور گھر کے اندر پناہ لے لی۔

​پولیس نے ملزم کو بارہا ہتھیار ڈالنے اور گرفتاری دینے کے لیے کہا، جس پر ملزم نے اعترافی لہجے میں کہا کہ اس نے اپنی حقیقی بیٹی کے ساتھ زیادتی جیسا سنگین جرم کیا ہے اور اب وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔ کچھ ہی دیر بعد گھر کے اندر سے ایک زوردار فائر کی آواز سنائی دی۔

​پولیس ٹیم نے حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے فوری طور پر گھر میں داخل ہو کر دیکھا تو ملزم واش روم میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منڈی بہاؤالدین منتقل کر دیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔