ستمبر 12, 2026

گجرات میں ضلعی انتظامیہ کی بڑی کارروائی: 8 سال سے غیر قانونی قبضہ کا شکار 57 کنال قیمتی اراضی واگزار

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون نے قبضہ مافیا کے خلاف ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران موضع کالرہ تحصیل و ضلع گجرات میں پچھلے 8 سال سے زائد عرصے سے شدید تنازع اور غیر قانونی قبضے کا شکار 57 کنال 4 مرلہ اراضی کو کامیابی سے واگزار کروا لیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون نے ریونیو فیلڈ سٹاف اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں موقع پر پہنچ کر آپریشن کی قیادت کی اور تمام غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر کے اراضی کا قبضہ اس کے اصل اور قانونی مالک کے حوالے کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائی تمام سرکاری احکامات اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے عمل میں لائی گئی ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں قبضہ مافیا اور غیر قانونی قابضین کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی طرح جاری رہیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔