کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار )ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے ڈی پی او گجرات اختر فاروق کے ہمراہ یونیورسٹی آف گجرات میں پنجاب پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں رجسٹرار UOG محمد نعیم بٹ، ممبر سنڈیکیٹ UOG طارق محمود شیخ، ڈائریکٹر BIC ڈاکٹر عمر وڑائچ، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پولیس خدمت مرکز کے قیام کا مقصد طلبہ و اساتذہ کو محکمہ پولیس کی مختلف سہولیات ایک ہی جگہ پر فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے قیمتی وقت کی بچت کے ساتھ آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے اور یہ خدمت مرکز یونیورسٹی میں پولیس سے متعلق تمام ضروری خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
خدمت مرکز میں کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویریفکیشن، گمشدگی دستاویزات، وہیکل کلیئرنس، ایف آئی آر کاپی، قانونی رہنمائی، ڈرائیونگ لرنر پرمٹ، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے کہا کہ گجرات پولیس عوامی خدمت کے جذبے کے تحت جدید اور آسان پولیس سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔
یاد رہے کہ یونیورسٹی آف گجرات میں قائم اس خدمت مرکز میں 4 کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خواتین طلبہ کی سہولت کیلئے لیڈیز پولیس اسٹاف بھی تعینات کیا گیا ہے۔





