جون 1, 2026

ایف آئی اے گجرات کی بڑی کارروائی، یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم گرفتار

رپورٹ: مرزا محمد طفیل

ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے سال 2023 کے بدنام زمانہ لیبیا یونان کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے سرکل گجرات کی ٹیم نے خصوصی کارروائی کے دوران وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ‘ریڈ بُک’ میں شامل اشتہاری ملزم قاسم ریاض ولد محمد ریاض کو دھر لیا، جس کا تعلق ضلع جہلم سے ہے۔ گرفتار ملزم پر معصوم شہریوں کو سنہرے مستقبل کے خواب دکھا کر موت کے منہ میں دھکیلنے کا سنگین الزام ہے۔

​حکام کے مطابق ملزم قاسم ریاض نے 8 پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک (یونان) بھجوانے کے لیے مجموعی طور پر 1 کروڑ 92 لاکھ روپے کی خطیر رقم ہتھائی تھی۔ انسانی اسمگلنگ کے اس جان لیوا سفر کے دوران بدقسمت کشتی سمندر میں حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں ان 8 تارکین وطن میں سے 6 افراد سمندری لہروں کی نذر ہو کر لقمہ اجل بن گئے تھے۔ ملزم کے خلاف ایف آئی اے میں سال 2023 اور 2025 کے دوران مجموعی طور پر 7 مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں وہ قانون کو مطلوب تھا۔

​ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بن اشرف نے اس اہم گرفتاری پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے یہ انسانی اسمگلرز دراصل انسانیت کے کھلے دشمن ہیں، جن کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔