جہلم (رپورٹ: محمد زاہد خورشید) ڈی پی او گجرات کی خصوصی ہدایت پر گجرات پولیس سرکل سرائے عالمگیر نے فائرنگ کرنے والے عناصر اور ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پہلی بڑی کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ بولانی غلام رسول نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایک انتہائی دلخراش واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم محمد اشرف عرف مٹھو ولد خادم حسین (قوم جٹ، سکنہ دندی نظام) نے اپنی ہی سگی والدہ کے گھر پر فائرنگ کی تھی، پولیس نے ملزم کو دھر کر اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پسٹل 30 بور برآمد کر لیا ہے۔
دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی سرائے عالمگیر راحیل عارف انسپکٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ملزم حبیب خان ولد خان بہادر (قوم جٹ، سکنہ دندی چاچ) کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے ناجائز پسٹل 30 بور معہ گولیاں برآمد کر لیا ہے۔ ترجمان گجرات پولیس کے مطابق دونوں تھانوں کی پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔



