امریکہ کی مختلف ریاستوں میں ہیکرز نے ایک بڑا سائبر حملہ کرتے ہوئے فیول اسٹوریج ٹینکوں (ایندھن کے ذخائر) کے ڈیٹا سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیکرز نے پیٹرول پمپس اور اسٹوریج سپلائی پر نصب خودکار ٹینک گیج سسٹم (Automated Tank Gauge System) ہیک کر کے اس کی ریڈنگ کے ساتھ سنگین چھیڑ چھاڑ کی، جس کے باعث ٹینکوں میں موجود ایندھن کی اصل مقدار اور ریڈنگ غلط دکھائی دینے لگی۔ اس سائبر حملے کے بعد امریکی توانائی کے شعبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ان سائبر حملوں کی وجہ سے فی الحال کسی بڑے مادی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے اور سپلائی چین کو فوری طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ امریکی خفیہ اداروں اور سائبر سیکیورٹی حکام کو قوی شبہ ہے کہ اس منظم حملے کے پیچھے ایرانی ہیکرز کا ہاتھ ہے جو امریکی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب، امریکہ کے مرکزی تحقیقاتی ادارے ‘ایف بی آئی’ (FBI) نے اس حساس معاملے پر تاحال کوئی بھی باضابطہ موقف یا رائے دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔





