اکتوبر 29, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم پر دہرا وار؛ بنگلہ دیش کے خلاف سلو اوور ریٹ پر جرمانہ، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 8 پوائنٹس بھی کٹ گئے

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عبرتناک شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو سلو اوور ریٹ کی پاداش میں بھاری جرمانے اور پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق، میرپور ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان ٹیم نے مقررہ وقت میں ٹارگٹ سے 8 اوورز کم کیے۔ آئی سی سی کے قوانین کے تحت ایک اوور کی کمی پر ایک پوائنٹ کاٹا جاتا ہے، جس کے باعث پاکستان ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قیمتی 8 پوائنٹس سے محروم ہو گئی ہے، جو فائنل کی دوڑ میں گرین شرٹس کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے پاکستان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 104 رنز کے واضح مارجن سے شکست دی تھی۔ اس وقت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے سلہٹ میں شروع ہوگا، جہاں گرین شرٹس کو سیریز برابر کرنے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں اپنی پوزیشن بچانے کے لیے ہر حال میں فتح درکار ہوگی۔