کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) گجرات کے لیے ایک بڑا اعزاز، معروف آسٹرین ایجوکیشنسٹ چوہدری تسلیم احمد کی خصوصی دعوت پر آسٹریا کے سفیر وولف گانگ اولیور کیچرا نے کاؤنٹی پبلک سکول گجرات کا تفصیلی دورہ کیا جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ سکول آمد پر مہمانِ خصوصی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور طلبہ و اساتذہ نے پرتپاک انداز میں گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر سفیر نے پاکستان اور آسٹرین کلچر نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر کاؤنٹی پبلک سکول چوہدری تسلیم احمد نے جرمن زبان میں سفیر کو خوش آمدید کہہ کر تقریب کو چار چاند لگا دیے، جس پر سفیر نے گہری مسرت اور حیرت کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران طلبہ نے علاقائی لباس، ملی نغموں اور ٹیبلوز کے ذریعے پاکستانی اور آسٹرین ثقافت کے خوبصورت رنگ پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ آسٹرین سفیر نے تین سے چار گھنٹے سکول میں قیام کیا، کلاس رومز کا جائزہ لیا اور طلبہ کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کا قرار دیتے ہوئے ادارے کو نیشنل لیول کا بہترین سکول قرار دیا۔ تقریب میں افتخار احمد چیمہ، چوہدری آصف دھول، عمیر افضل گوندل، نعمان احمد اور دیگر اہم تعلیمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، جبکہ اختتام پر چوہدری تسلیم احمد نے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔





