وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے انتہائی گرمجوشی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پی ایم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق، صدر الہام علیوف نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کی کامیاب سفارتی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی قیادت پر عالمی برادری کے بھرپور اعتماد کا واضح مظہر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے باکو میں منعقد ہونے والے "ورلڈ اربن فورم” کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باعث فورم میں ذاتی طور پر شرکت سے معذرت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح کا وفد اس میں شریک ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر علیوف کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جس پر دونوں رہنماؤں نے رواں سال کے آخر میں بالمشافہ ملاقات کے امکان پر اتفاق کیا۔





