جولائی 17, 2026

سوات میں مسافر گاڑی گہری کھائی میں جا گری، بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق، 5 زخمی

سوات کے علاقے ملم جبہ میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی سیر تلیگرام سے گناجیر کی طرف جا رہی تھی کہ منزل کے قریب پہنچتے ہی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ زیادہ تر افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ کھائی سے 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 5 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔