منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منڈی بہاؤالدین کامران عامر خان نے ضلع میں امن و امان کے قیام اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ایک انتہائی سخت اور واضح "عوامی پیغام” جاری کیا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں جرائم پیشہ عناصر کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں چوروں، ڈکیتوں، منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور اشتہاری مجرمان کے لیے اب کوئی جگہ نہیں ہے۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ افراد کے پاس صرف دو ہی راستے ہیں: یا تو وہ اپنی اصلاح کر لیں یا پھر ضلع بدر ہو جائیں، کیونکہ پولیس اب ان کے گرد گھیرا تنگ کر چکی ہے اور انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں غنڈہ گردی، ناجائز اسلحہ کی نمائش اور "ڈالہ کلچر” کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور قانون سے بالاتر کسی بھی بااثر شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ پولیس کے اندرونی احتساب کے حوالے سے کامران عامر خان نے "زیرو ٹالرنس” پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے دوران شہریوں کے ساتھ بدتمیزی یا زیادتی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی میں ملوث پایا گیا تو اسے نشانِ عبرت بنا دیا جائے گا، کیونکہ پولیس کا اصل کام ظالم کو لگام ڈالنا اور مظلوم کی داد رسی کرنا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ پولیس کے دروازے شہریوں کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں اور میرٹ پر کام کرنے کے لیے کسی بھی قسم کے سیاسی یا سماجی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
ڈی پی او منڈی بہاؤالدین نے شہریوں کو براہِ راست رسائی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تھانوں کو مظلوموں کے لیے پناہ گاہ اور ظالموں کے لیے عبرت کی جگہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں، اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ کامران عامر خان کا کہنا تھا کہ ضلع کو شرپسند عناصر سے پاک کر کے ہر شہری میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا ان کا اولین مشن ہے۔





