اکتوبر 28, 2026

اکرم شہید پارک جہلم میں معرکہ حق کی سالگرہ پر شاندار آتش بازی؛ آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا

جہلم (محمد زاہد خورشید)معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جہلم کے تاریخی اکرم شہید پارک میں منعقدہ پُروقار تقریب کا اختتام ایک سحر انگیز اور شاندار آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ ہوا۔ جیسے ہی تقریب اپنے اختتامی لمحات کو پہنچی، آسمان رنگ برنگی روشنیوں اور دلکش نظاروں سے جگمگا اٹھا، جس نے پورے ماحول کو شدید قومی جوش و جذبے اور ولولے سے بھر دیا۔ اس شاندار مظاہرے کو دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے تالیاں بجا کر اور نعروں کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

آتش بازی کے اس بے مثال مظاہرے نے نہ صرف شرکاء کے دلوں میں فخر اور مسرت کے جذبات کو مزید جلا بخشی، بلکہ یہ افواجِ پاکستان کی عظیم کامیابیوں اور دشمن کے خلاف حاصل ہونے والی تاریخی فتح کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک خوبصورت اور منفرد انداز ثابت ہوا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اکرم شہید پارک میں اس قسم کی سرگرمیاں وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد تازہ کرتی ہیں اور یہ ثابت کرتی ہیں کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔