معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف نے قوم اور مسلح افواج کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جانے والا یہ دن ہماری پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور اتحاد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسلح افواج ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو جذبہ خدمت اور فخر کے ساتھ نبھا رہی ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق، معرکہ حق ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، جو قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی اجاگر کیا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کے مؤثر ردعمل نے دشمن کے ’فالس فلیگ‘ آپریشنز، جھوٹے بیانیے اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس سے دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پراکسی دہشت گردی، روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کے باوجود مسلح افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی محاذوں پر اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اس معرکے کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ‘مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس’ کو تقویت دی ہے۔ بیان کے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بین الاقوامی قوانین اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری سے ممکن ہے، اور قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر اندرونی و بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔





