اکتوبر 29, 2026

"تعلقات ہماری خود مختاری کا معاملہ ہیں، دفاع کے لیے تمام حقوق محفوظ رکھتے ہیں”: متحدہ عرب امارات کا ایران کے بیانات پر شدید ردِعمل

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی جانب سے حالیہ "جارحانہ بیانات” کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام قانونی، سفارتی اور عسکری حقوق محفوظ رکھتا ہے۔ اماراتی وزارتِ خارجہ کے مطابق، بین الاقوامی اور دفاعی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات قائم کرنا یو اے ای کی خود مختاری کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور تہران و دبئی کے درمیان لفظی جنگ تیز ہو گئی ہے۔

اس سے قبل، ایرانی وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات پر ڈرون اور میزائل حملوں کی تردید کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ ایران کی حالیہ دفاعی کارروائیوں کا ہدف خصوصی طور پر صرف امریکہ تھا۔ تاہم، ایرانی فوج کے ترجمان نے انتباہ جاری کیا تھا کہ اگر متحدہ عرب امارات نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی میں حصہ لیا یا اپنی زمین استعمال کرنے دی تو اسے "سخت جواب” کا سامنا کرنا پڑے گا۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ بیان کو ایران کی اسی دھمکی کا جواب قرار دیا جا رہا ہے، جس نے خطے میں نئی سفارتی و عسکری صف بندیوں کی نشاندہی کر دی ہے۔