اکتوبر 28, 2026

امریکہ اور ایران کے درمیان قلیل مدتی جنگ بندی پر غور: آبنائے ہرمز کھلنے کا امکان، برطانوی خبر رساں ایجنسی کا بڑا دعویٰ

برطانوی خبر رساں ایجنسی نے حکام اور باوثوق ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے ایک "قلیل مدتی معاہدے” پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس معاہدے کا ایک ابتدائی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے، جو کسی جامع امن معاہدے کے بجائے ایک عارضی ‘یادداشتِ مفاہمت’ پر مبنی ہوگا۔ خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ فریقین کے درمیان گہرے اختلافات کو ظاہر کرتا ہے، کیونکہ اس میں سب سے متنازع امور کو ابھی حل طلب رکھا گیا ہے، تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ جزوی معاہدہ بھی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا باعث بن سکتا ہے، جو عالمی معیشت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

مجوزہ فریم ورک کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ تین مراحل پر مشتمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں فریقین کے درمیان باضابطہ طور پر جنگی کارروائیوں کا خاتمہ کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز کے بحران کا مستقل حل نکالا جائے گا تاکہ سمندری آمد و رفت بحال ہو سکے، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں ایک جامع اور طویل مدتی معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ عبوری اقدام خطے میں جاری شدید تناؤ کو کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے، بشرطیکہ فریقین ابتدائی مراحل پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔