کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) کراچی میں بڑھتی ہوئی تپش اور ہیٹ اسٹروک کے خدشات کے پیش نظر سخی حسن چورنگی پر عوامی خدمت کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں نارتھ ناظم آباد ٹاؤن اور چھیپا ویلفیئر کی جانب سے مسافروں اور راہگیروں کے لیے پیاس بجھانے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چھیپا ویلفیئر کے کیمپ میں شہریوں میں ٹھنڈے مشروبات بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ٹھنڈا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس شدید گرمی میں پیاس بجھانے کی سہولت میسر آنے پر عوام نے دونوں اداروں کی انتظامیہ کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ دیگر فلاحی ادارے بھی اس نیک کام میں حصہ لے کر ثوابِ دارین حاصل کریں گے۔
کیمپ پر موجود شہریوں نے تجاویز دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان ریلیف کیمپوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے وہاں پیڈسٹل فین اور کم از کم ایک بیڈ کا انتظام بھی کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ہیٹ اسٹروک کے متاثرہ شخص کو فوری طور پر فرسٹ ایڈ فراہم کی جا سکے۔ عوام کے ایک طبقے نے دعوتِ اسلامی جیسی بڑی تنظیم کو بھی اس کارِ خیر میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ شہریوں کی اکثریت نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری سطح پر تمام تر طبی سہولیات سے لیس ہیٹ اسٹروک سینٹرز اور کیمپ قائم کرے تاکہ بڑھتی ہوئی گرمی سے انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔





