منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاءالدین عدیل حیدر کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس، ڈی ایس پی، ممتاز علمائے کرام، ممبران امن کمیٹی و اتحاد بین المسلمین اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر عیدگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں اور پارکوں سمیت تمام اہم مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ عید گاہوں اور قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لیے قبل از وقت انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں یہ اہم فیصلہ بھی کیا گیا کہ عید کے موقع پر شاہراہوں پر ون ویلنگ، نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا کہنا تھا کہ منڈی بہاءالدین امن و امان کے لحاظ سے ایک مثالی ضلع ہے جہاں تمام مسالک کے درمیان مثالی بھائی چارہ موجود ہے۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ عید کے بعد محرم الحرام میں بھی ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور منبر و محراب کے ذریعے امن کا درس دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت اور کھالیں جمع کرنے کی اجازت صرف حکومت کے مقرر کردہ مقامات اور رجسٹرڈ تنظیموں کو ہی ہوگی۔ علمائے کرام نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں جن پر ڈپٹی کمشنر نے عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔





