جون 1, 2026

منڈی بہاءالدین میں "معرکہ حق” آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کی سالگرہ کی پروقار تقریب: پاک افواج کو زبردست خراج تحسین

منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ضلع منڈی بہاءالدین میں "معرکہ حق” آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی کی سالگرہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس، ضلعی افسران، امن کمیٹی کے ممبران، انجمن تاجران کے نمائندوں سمیت سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے کہا کہ ہماری افواج ہمارا سرمایہ ہیں اور وطن عزیز کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا گیا، تاہم فیلڈ مارشل حافظ جنرل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت میں پاک افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ اس کارنامے سے نہ صرف ملک کی سلامتی یقینی بنی بلکہ پوری قوم کے دل بھی جیت لیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ دشمن جان لے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم کسی بھی محاذ پر 6 ستمبر 1965 کی طرح دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ملکی استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ تقریب کے دوران امن کمیٹی کے ارکان اور دیگر شرکاء نے بھی آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور "پاکستان زندہ باد” و "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔