اکتوبر 29, 2026

امریکہ نے قبضے میں لیا گیا ایرانی جہاز اور عملہ پاکستان کے حوالے کر دیا

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، امریکی حکام نے بحری ناکا بندی کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیے گئے جہاز ‘ایم وی توکسا’ اور اس کے عملے کو پاکستان کے سپرد کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حوالگی اس مقصد کے لیے کی گئی ہے تاکہ عملے اور جہاز کو ایران واپس بھیجا جا سکے۔

امریکی حکام نے ‘ایم وی توکسا’ کے عملے کے 22 افراد کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا ہے، جبکہ عملے کے دیگر 6 افراد کو گزشتہ ہفتے ہی خطے کے ایک دوسرے ملک کے حوالے کر دیا گیا تھا تاکہ ان کی واپسی ممکن ہو سکے۔ امریکی حکام کا مزید کہنا ہے کہ جہاز کو اب اس کے اصل مالک کی تحویل میں دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اس جہاز کو امریکی ناکا بندی کی خلاف ورزی کرنے پر قبضے میں لیا گیا تھا۔