اکتوبر 28, 2026

محلہ کشمیریاں مویشی منڈی میں تبدیل،اہلیان محلہ شدید اذیت میں مبتلا

ڈنگہ (نامہ نگار) محلہ کشمیریاں میں رہائشی علاقہ عملاً مویشی منڈی میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں بلدیہ کی مسلسل خاموشی اور عدم توجہی نے علاقہ مکینوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محلہ کی تین سے زائد حویلیوں میں قربانی کے بڑے جانور مستقل بنیادوں پر باندھ دیے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل بھی ذبح کی نیت سے لائے جانے والے جانور انہی مقامات پر رکھے جاتے رہے ہیں، جس سے پورا علاقہ گندگی اور بدانتظامی کی تصویر بن چکا ہے۔
اہلیان محلہ کے مطابق جانوروں کا گوبر اور دیگر فضلہ کھلے عام نالیوں میں بہا دیا جاتا ہے جس کے باعث نہ صرف نکاسی آب کا نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ شدید تعفن اور بدبو نے ماحول کو ناقابل برداشت بنا دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث بچوں، بزرگوں اور خواتین کو سانس لینے میں دشواری سمیت مختلف بیماریوں کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ متعدد بار بلدیہ اور متعلقہ انتظامیہ کو تحریری اور زبانی شکایات درج کروائی جا چکی ہیں لیکن تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ گنجان آباد علاقوں میں جانور رکھنے پر عائد پابندی کے باوجود انتظامیہ کیوں خاموش ہے۔
اہلیان محلہ کشمیریاں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر جانور رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، صفائی کے نظام کو فوری بہتر بنایا جائے اور علاقے کو مویشی منڈی بننے سے بچایا جائے، بصورت دیگر شہری احتجاج پر مجبور ہوں گے