اکتوبر 30, 2026

جمائما گولڈ اسمتھ کی کیمرون او ریلی سے منگنی، جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا امکان

لندن: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور معروف فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش نژاد سرمایہ کار کیمرون او ریلی سے منگنی کر لی ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 52 سالہ جمائما اور 62 سالہ کیمرون کے درمیان گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے گہرے تعلقات قائم تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کی پہلی ملاقات مختلف فلمی منصوبوں کے دوران ہوئی تھی، جہاں کیمرون او ریلی بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا اپنا زیادہ تر وقت سوئٹزرلینڈ اور ویسٹ لندن میں گزارتا ہے اور اب ان کی شادی جلد متوقع ہے۔ واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ اور عمران خان کی شادی 9 سال تک قائم رہی تھی جس کے بعد 2004 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی، تاہم جمائما اب بھی پاکستان میں کافی مقبول ہیں۔