منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے ) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے آج شہر کی اولڈ غلہ منڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے وہاں جاری تعمیراتی کاموں کی کوالٹی اور پیش رفت کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور موقع پر موجود افسران کو منصوبے کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عدیل حیدر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد شہریوں کو جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی ہے، اور وہ خود روزانہ کی بنیاد پر ان منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کا ثمر جلد از جلد مل سکے۔




