وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں تقریباً 50 منٹ تک خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے امن پسندی پر مبنی کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔ انہوں نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد بھیجنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔ انہوں نے اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی رہنماؤں سے رابطوں کے نتیجے میں مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی مفید بات چیت کو بھی سراہا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے احترام اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی مشاورت اور باہمی رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




