اپریل 26, 2026

گجرات پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن؛ کلو گرام ہیروئن اور بھاری مقدار میں شراب برآمد، 3 ملزمان گرفتار

ڈنگہ: ڈی پی او گجرات کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران پولیس نے مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں ہیروئن اور شراب برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی ان بروقت کارروائیوں نے منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، تھانہ دولت نگر پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران ملزم احسان اللہ کو دھر لیا، جس کے قبضے سے 1075 گرام (ایک کلو سے زائد) ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس کے پیچھے موجود دیگر نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔

دوسری جانب، تھانہ سٹی لالہ موسیٰ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی میں ملزم بلال کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 10 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ اسی طرح، تھانہ ڈنگہ پولیس نے بھی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم سیلمان کو گرفتار کیا، جس سے 5 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے والے منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ضلع گجرات کو منشیات سے پاک کرنے تک یہ کریک ڈاؤن اسی شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔