اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک مختصر وفد کے ہمراہ اپنے اہم سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔ ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، عباس عراقچی نے اپنی پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی، جس میں دفاعی و سلامتی کے امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، عسکری قیادت سے ہونے والی اس اہم ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (MI) بھی شریک تھے۔ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، سفیر امیری مقدم اور ترجمان اسماعیل بقائی شامل تھے۔
بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد نے ملاقات کی۔ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس طویل نشست میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی وفد سے ملاقات خوش آئند رہی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔ واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے اگلے مرحلے میں عمان اور روس کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ ان کے اس دورے کو خطے کی موجودہ صورتحال میں انتہائی غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔




