لاہور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اہم سیاسی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنا سیاسی کردار ادا کر سکیں۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف کے ساتھ اب تک ہونے والے رابطے کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔ مدارس کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ دور میں بھی مدارس کی رجسٹریشن اور اکاؤنٹس کھولنے میں رکاوٹیں حائل ہیں، جو کہ ایک یکساں منفی پالیسی کا تسلسل ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے متنبہ کیا کہ موجودہ حالات تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے خلیجی ممالک کو مشورہ دیا کہ وہ امریکی اڈوں کے نقصانات کو سمجھیں اور واضح کیا کہ پاکستان اپنی ثالثی کے ذریعے دنیا کو بڑی تباہی سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کی حمایت کی، تاہم سی پیک کی بندش پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل اور بہتری کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ حکمرانوں کا اقتدار عارضی ہے۔




