اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پاکستانی وقت کے مطابق 22 اپریل کی صبح 4 بج کر 50 منٹ پر ختم ہو رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس وقت ایک ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور سفارتی سطح پر مکالمے کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت کے لیے ایران کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا اور پاکستان کو ابھی تک ایرانی تصدیق کا انتظار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اختتام سے قبل ایران کا مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ خطے کے امن کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پاکستان کی تمام تر کوششیں سفارت کاری کے ذریعے اس تنازع کو حل کرنے پر مرکوز ہیں۔




