اپریل 21, 2026

گجرات: یونیورسٹی بس میں دن دیہاڑے مسلح ڈکیتی، ڈاکو طلبہ سے لیپ ٹاپ اور نقدی چھین کر فرار

گجرات میں امن و امان کی صورتحال ابتر، یونیورسٹی آف گجرات کی بس میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی سنگین واردات نے شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی بس قادر کالونی سے لوراں کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں تین نقاب پوش مسلح افراد نے بس کو زبردستی روک لیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان بس میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر طلبہ کو یرغمال بنا لیا۔ ڈاکوؤں نے طلبہ سے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ملنے والے قیمتی لیپ ٹاپس، موبائل فونز اور پرس چھین لیے اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تعلیمی ادارے کی گاڑی پر اس مسلح حملے نے طلبہ اور والدین میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔