منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے ) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے فریال نعیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہو کر مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی اچانک چیکنگ کی۔ اس کارروائی کے دوران سیکرٹری آر ٹی اے نے پیرا فورس کے ہمراہ 41 گاڑیوں کے کرایہ نامے چیک کیے اور مسافروں سے براہِ راست گفتگو کر کے حقائق معلوم کیے۔
چیکنگ کے دوران اوورچارجنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے مجموعی طور پر 19 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران 10 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 3 گاڑیوں کو ضابطے کی خلاف ورزی پر مختلف تھانہ جات میں بند کر دیا گیا۔ عوامی ریلیف کو یقینی بناتے ہوئے فریال نعیم نے 78 مسافروں سے وصول کیا گیا 5600 روپے زائد کرایہ موقع پر واپس کروایا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی واضح ہدایات ہیں کہ اے سی اور نان اے سی گاڑیوں کے کرایوں میں کمی لائی جائے تاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی سستی قیمتوں کا براہِ راست فائدہ مل سکے، بصورتِ دیگر قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔




