جب سے ایران پر حملوں کا آغاز ہوا ہے
دنیا ایک مسلسل ہیجان کی کیفیت میں ہے ، ان تمام ہیجانی کیفیات میں صرف ایک ملک ایسا ہے جس نے اپنے اور اپنے علاقے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی طرف سے بہترین کوششیں کی ہیں ، دنیا بھر کے سربراہان مملکت اور میڈیا ان کو ششوں کو سراہنے میں بخل سے کام نہیں لے رہا ، لیکن سوئے اتفاق پاکستان کے اندر ایک نسل ایسی موجود ہے جو ہمیشہ ہر موقع پر پاکستان کی سالمیت اور وقار کے خلاف موقف کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے ، پاکستان کی موجودہ مقتدرہ کے ناموں کو بگاڑ کر لکھنا ، مصنوعی ذہانت سے انتہائی غیر اخلاقی تصویروں اور ویڈیوز کا سہارا لینا ان کا عام چلن ہے ، اللہ کرے ان کو ھدایت نصیب ہوجائے ،فی الحال یہ میرا موضوع نہیں ہے ۔
موجودہ صورت حال میں جب ابھی تک حالات مکمل قابو میں نہیں آئے ، پاکستان کی درخواست پر کی گئی سیز فائر میں تھوڑا سا وقت ہی باقی بچا ہے ، اس کے باوجود بھی پاکستان دل وجان سے اس کوشش میں ہے کہ امن مستقل طور پر قائم ہوجائے ۔جب اس طرح کی کوششیں کی جاتی ہیں تو اس میں رکاوٹیں آنا لازمی ہے ، متحارب فریقین کو ایک موقف پر متفق کرنا جان جوکھوں کا کام ہے ، اس دوران میں وہ طاقتیں بھی درون خانہ ایکٹو ہوجاتی ہیں ، امن سے جن کے دکانداری بند ہوتی نظر آرہی ہوتی ہے ۔
درون خانہ ھنگامے ہیں کیا کیا
چراغ رہ گزر کو کیا خبر ہے
مذاکرات کے دوران جانبین کا موقف من وعن تسلیم نہیں ہوتا اس وجہ سے رکاوٹیں آتی ہیں ، پھر ہر ملک کو اپنی سلامتی اور وقار عزیز ہوتا ہے ، کوئی بھی معاہدہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچنا ہوتا ہے ، پھر معاہدہ کرنے والے اپنے لوگوں کو جواب دہ بھی ہوتے ہیں ، اس لئے مشکلات کی ان صعب گھڑیوں میں اپنے ہم وطن دوستوں کو ایک گزارش کرنا ہے کہ حالات کیسے بھی ہوں ہمیں اپنے وطن کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔ اپنا وطن الحمد للہ وقار کے ساتھ کھڑا ہے ، جنگ کے آگے بند باندھنے کی حتی المقدور کوشش بھی کررہا ہے ، اس لئے جلد بازی میں فیصلہ سازی کی بجائے ہمیں اپنی قیادت پر اعتماد ہونا چاہیے ، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے طرز عمل سے پاکستان کے بہترین سفیر ثابت ہوسکتے ہیں ، احترام اور وقار کے ساتھ اپنے ملک کے ساتھ کھڑا ہونا قابل فخر اور قابل قدر ہے ۔
صلح ہو یا کچھ بھی ہو ہمیں ہمیشہ اپنی اور امت مسلمہ کی خیر کی دعا کرنی چاہیے ، کیونکہ
گھر کی خاطر سو دکھ جھیلے
گھر تو آخر اپنا ہے ۔۔
ناامید نہیں ہونا ، اسی ظلمت سے خیر کا شعلہ روشن ہوگا اور پاکستان رہتی دنیا تک اپنے وقار اور احترام کے ساتھ قائم رہے گا
پاکستان ہمیشہ زندہ باد



