اپریل 19, 2026

ڈنگہ کے تاجروں کا حکومت سے مطالبہ: دکانوں کے اوقات کار رات 10 بجے تک بڑھائے جائیں

ڈنگہ (پ۔ ر) ڈنگہ کی تاجر برادری نے حکومت پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ توانائی بچت مہم کے تحت دکانوں کی بندش کے وقت میں رات 10 بجے تک توسیع کی جائے۔ تاجروں کا موقف ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں رات 8 بجے کاروبار بند کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ دکانداروں نے حکومتی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تیل، بجلی اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، تو دوسری طرف ‘ستھرا پنجاب ٹیکس’، پراپرٹی ٹیکس اور اب ایڈورٹائزنگ کے نام پر ہزاروں روپے وصول کر کے دکانداروں کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں جاری تجاوزات آپریشن اور سڑکوں کی تعمیر کے سست رفتار کام نے پہلے ہی گاہکوں کا راستہ روک رکھا ہے، جس سے کاروبار شدید متاثر ہے۔ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ دکانوں کے کرائے اور اخراجات پورے کرنے کے لیے کاروبار کا دورانیہ بڑھایا جائے اور تمام دکانوں کو مشترکہ طور پر رات 10 بجے تک کھلنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ مالی بحران سے نکل سکیں۔