اپریل 19, 2026

تمام دکانداروں، تاجر برادری اور کاروباری مراکز کے مالکان توانائی کی بچت کے لیے مقرر کردہ سرکاری اوقات کار کی سختی سے پابندی یقینی بنائیں: چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈنگہ

ڈنگہ (پ۔ ر) چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈنگہ عرفان احمد گوندل نے شہر کے تمام دکانداروں، تاجر برادری اور کاروباری مراکز کے مالکان کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے توانائی کی بچت کے لیے مقرر کردہ سرکاری اوقات کار کی سختی سے پابندی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام چھوٹی بڑی دکانیں رات 8 بجے جبکہ ہوٹل، ریسٹورنٹ اور میرج ہالز رات 10 بجے مکمل طور پر بند کر دیے جائیں۔ عرفان احمد گوندل کا کہنا تھا کہ توانائی کا بحران اس وقت ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور حکومت لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی لانے کے لیے ان اقدامات پر عمل درآمد کروا رہی ہے۔ انہوں نے تاجروں کو متنبہ کیا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں تاکہ انتظامیہ کو دکانیں سیل کرنے یا بھاری جرمانے جیسے سخت اقدامات نہ اٹھانے پڑیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے جس کا مقابلہ ہم سب کو مل جل کر کرنا ہوگا۔