اکتوبر 29, 2026

پشاور زلمی کی لاہور قلندرز کو عبرتناک شکست؛ کراچی میں قلندرز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت

کراچی: پاکستان سپر لیگ الیون کے اہم معرکے میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 76 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی دھاک بٹھا دی۔ کراچی میں کھیلے گئے اس یکطرفہ مقابلے میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ زلمی کی جانب سے کوشال مینڈس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان بابر اعظم 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے تین اور مستفیض الرحمان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

​174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں محض 97 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے 21، 21 جبکہ ویلا لاگے نے 20 رنز بنائے، تاہم کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ پشاور زلمی کی جیت میں باؤلرز نے کلیدی کردار ادا کیا، جہاں مائیکل بریسویل اور سفیان مقیم نے تین، تین شکار کیے۔ واضح رہے کہ کراچی میں لاہور قلندرز کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے جہاں ان کی پوری ٹیم 100 یا اس سے بھی کم اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔