اکتوبر 29, 2026

قومی ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں توسیع کا امکان، نئے مینیجر اور کوچز زیر غور

لاہور: ورلڈ کپ اور پرو ہاکی لیگ کی تیاریوں کے پیش نظر پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں مزید دو افراد کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم کے نئے مینیجر اور کوچنگ اسٹاف کے لیے مختلف ناموں پر غور جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور الحسن سینئر مینیجر کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، جبکہ اولمپئن حنیف خان اور شہناز شیخ کے نام بھی زیر غور ہیں۔ دوسری جانب خواجہ جنید کو ہیڈ کوچ کے عہدے پر برقرار رکھنے کا امکان ہے۔کوچنگ اسٹاف میں مزید تقرریوں کے لیے اولمپئن سلمان اکبر اور عدنان ذاکر کے نام سامنے آئے ہیں، جو طویل عرصے سے یورپ میں کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ پرو ہاکی لیگ کا اگلا مرحلہ جون میں یورپ، خصوصاً بیلجیئم میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان ٹیم بیلجیئم اور اسپین کے خلاف دو، دو میچز کھیلے گی۔ اسی سلسلے میں ٹیم انتظامیہ کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔