گلیانہ(انصر فاروق مغل) ضلع گجرات میں عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے رانا عمر فاروق، ڈی پی او گجرات کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ڈی پی او کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس کے سینئر افسران، ایس پیز، ڈی ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور مختلف برانچز کے انچارجز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر کے حساس مقامات، مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں، شاپنگ مالز، سرکاری عمارتوں اور قبرستانوں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ شرپسند عناصر کی خفیہ نگرانی اور وی آئی پی و وی وی آئی پی سیکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا گیا۔
ڈی پی او گجرات نے واضح ہدایت دی کہ پتنگ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، لاؤڈ اسپیکر کے ناجائز استعمال اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گشت اور ناکہ بندی کے نظام کو فعال بنایا جائے اور تمام افسران خود سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔
انہوں نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر پولیس فورس کو الرٹ رہنے اور بروقت فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔





